اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو صوبہ قزوین کے صوبائی عہدیداروں سے خطاب میں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی رونق کی راہ میں حائل سبھی رکاوٹوں کو دور کیا جائے- انہوں نے اپنی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات کی تقویت ایک تاریخی موقع ہے اور یہ اقتصادی و سائنسی لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر زیادہ بات چیت اس موضوع پر ہوئی کہ ایران کو جدید ٹیکنالوجی کس طرح فراہم کی جائے- انہوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دنیا کے بیشتر ملکوں نے امریکہ پر یہ اعتراض کیا کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے پر کیوں عمل درآمد نہیں کر رہا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے افراط و تفریط کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اسلامی انقلاب کی پیشرفت کے لئے اعتدال کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ سیاست، طرز فکر اور داخلہ و خارجہ پالیسی میں اعتدال اور میانہ روی ضروری ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲